کریم نگر میونسپل کارپوریشن کا جنرل باڈی اجلاس

   

کریم نگر۔ 29 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر میئر کولگانی سرینواس کی صدارت میں کریم نگر میونسپل کارپوریشن کا جنرل باڈی اجلاس ڈپٹی میئر یادگیری سنیل راؤ اور کمشنر پرفل دیسائی کی موجودگی میں پُرامن طور پر منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز صبح 11 بجے تلنگانہ ریاستی گیت سے ہوا اور شام 3:40 بجے قومی ترانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اجلاس میں 180 ایجنڈا نکات پر تفصیلی غور و خوض کے بعد تمام تجاویز کو متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ کارپوریٹرز نے اپنے اپنے ڈیویژنوں میں صفائی، پینے کے پانی، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں، ڈرینیج، کچرے کی نکاسی، آوارہ کتوں اور بندروں کی روک تھام، پارکوں کے تحفظ، تجاوزات اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے۔میئر نے کہا کہ کریم نگر کو پلاسٹک فری اور ماڈل سٹی بنانے کے لئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گنیش تہوار کے موقع پر منڈپوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کی تجویز کو بھی متفقہ منظوری دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈمپنگ یارڈ کے مسئلے کے حل کیلئے سوچھ بھارت مشن کے تحت 17 کروڑ روپئے اور اسمارٹ سٹی کے تحت 8 کروڑ روپئے مختص کیے جا رہے ہیں۔ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جے سی بی، لوڈرس، آخری سفر کی گاڑیاں، ٹریکٹرس اور رکشے خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔