کریم نگر میں 43 میڈیکل طلبا کورونا متاثر

   

حیدرآباد۔5۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست کے رہائشی اسکولوں میں کورونا سے طلبہ متاثر ہونے کے بعد اب کریم نگر میں میڈیکل کالج کے 43طلبہ متاثر پائے گئے ہیں۔ کریم نگر میں چلمیڈا میڈیکل کالج میں زیر تعلیم 43 طلبہ کے کورونا متاثر ہونے کے بعد کالج انتظامیہ نے تمام تدریسی و غیر تدریسی عملہ و دیگر طلبہ کے بھی معائنہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ صحت کی جانب سے بھی کالج کے اطراف عوام کے معائنوں کے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ میڈیکل کالج میں 43طلبہ کے متاثر ہونے کے بعد ریاست کے دیگر میڈیکل کالجس اور انتظامیہ میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ میڈیکل طلبہ کا راست رابطہ مریضوں سے ہوتا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ چلمیڈا میڈیکل کالج میں 2طلبہ کو مسلسل کھانسی اور زکام کے ساتھ بخار پر معائنہ کیا گیا اور کورونا کی توثیق کے بعد وہ جن لوگوں سے رابطہ میں آئے تھے ان کے معائنے کئے گئے جس پر 43 طلبہ کورونا متاثر پائے گئے ۔ متاثرہ تمام طلبہ کو میڈیکل کالج کے ہاسپٹل میں قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور ان کی صحت پر نظر رکھتے ہوئے علاج کیا جا رہاہے۔ ضلع کھمم میں طلبہ کے متاثر ہونے کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد رنگاریڈی میں اقامتی اسکولوں کے طلبہ وائر س کا شکار ہونے لگے تھے اور اب کریم نگر میں میڈیکل طلبہ کے متاثر ہونے کی توثیق کے بعد محکمہ صحت سے سنگاریڈی اور کھمم کے ساتھ ضلع کریم نگر پر بھی خصوصی توجہ کا فیصلہ کیا گیا ۔