کریم نگر و عادل آباد میںپاپولر فرنٹ کے حامیوں کیخلاف کارروائیاں

   

Ferty9 Clinic

مکانات پر دھاوے ، دستاویزات ضبط، مقامی افراد میں بے چینی
حیدرآباد 10 اگست (سیاست نیوز) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے مبینہ طور پر روابط کے الزامات کے تحت کریم نگر اور عادل آباد اضلاع میں مشتبہ افراد کے مکانات پر دھاوے کئے گئے ۔ این آئی اے عہدیداروں نے آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں دونوں اضلاع میں تلاشی مہم کا آغاز کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ این آئی اے کو موصولہ مصدقہ اطلاعات پر تلنگانہ پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے کریم نگر کے حسین پورہ علاقہ میں صبح 4 بجے توفیق خاں نامی شخص کے مکان کی تلاشی شروع کی گئی۔ توفیق خاں فی الوقت سعودی عرب میں ہیں۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے کو توفیق خاں کے پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے تعلقات کی اطلاع ملی ہے ۔ دن بھر تلاشی مہم جاری رہنے کی اطلاع ہے۔ این آئی اے حکام نے توفیق کے مکان سے بعض دستاویزات اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ عہدیداروں نے افراد خاندان سے پوچھ تاچھ کی ۔ کریم نگر اور عادل آباد کے دیگر مقامات پر بھی این آئی اے نے کارروائیاں کرتے ہوئے تلاشی مہم میں حصہ لیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال نظام آباد ، کریم نگر ، جگتیال ، عادل آباد اور حیدرآباد میں این آئی اے نے پاپولر فرنٹ سے روابط کے الزام میں کئی افراد کو یو اے پی اے قانون کے تحت گرفتار کیا تھا ۔ تلنگانہ میں این آئی اے کی کارروائیوں پر اقلیتوں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی غیر ضروری طور پر ہراساں کر رہی ہے جبکہ ان کے بچوں کا پاپولر فرنٹ یا کسی بھی دہشت گرد تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔