اولیائے طلبہ اور طلبہ تنظیموں کا احتجاج ، ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج، تحقیقات شروع
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : کریم نگر کے کارخانہ گڈھ میں واقع سرکاری اسکول میں زیر تعلیم طلبہ کی ایک ٹیچر نے بے رحمانہ پٹائی کردی جس پر کئی طلبہ زخمی ہوگئے ۔ طلبہ کے والدین نے ٹیچر کی ظالمانہ حرکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ۔ معصوم طلبہ کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے والے ٹیچر کو فوری اثر کے ساتھ معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا ۔ دوپہر کے وقت آٹھویں جماعت کے طلبہ پر گڑبڑ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے دوسری کلاس میں موجود ٹیچر تروپتی ریڈی نے کلاس روم کو بند کرتے ہوئے چھڑی سے طلبہ کی بے رحمانہ پٹائی کردی ۔ ظالم ٹیچر کے خلاف کارروائی کرنے کا اے بی وی پی کے قائدین اور طلبہ کے والدین نے مطالبہ کیا اور اسکول کے پاس احتجاجی کیا ۔ اطلاع ملتے ہی سرکل انسپکٹر سرینواس اسکول پہونچ گئے اور احتجاجی اولیائے طلبہ کو سمجھاتے ہوئے انہیں پولیس اسٹیشن طلب کیا ۔ ایک شخص نے اپنی بیٹی کے ساتھ دوسرے 24 طلبہ کیبے رحمی سے پٹائی کرنے کی ٹیچر کے خلاف شکایت کی ۔ پولیس نے ٹیچر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔ زخمی طلبہ کو ہاسپٹل روانہ کرتے ہوئے ان کا ابتدائی طبی علاج کیا گیا ۔ ٹیچر کے خلاف تحقیقات کرنے کے بعد محکمہ جاتی کارروائی کرنے کی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے سفارش کی جائے گی ۔۔ ن