حیدرآباد۔/9 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کی پوڈو ( جنگلاتی ) اراضیات کے مسئلہ پر ہائی کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ جنگلاتی اراضیات پر کاشت کرنے والے کسانوں کو اراضی کے پٹہ جات جاری کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں 73 کسانوں نے درخواست داخل کی۔ انہوں نے شکایت کی ہے کہ حکومت ان سے جبراً اراضیات حاصل کررہی ہے۔ حکومت کو اراضیات کے جبری حصول سے روکنے کیلئے عدالت سے احکامات جاری کرنے کی اپیل کی گئی۔ درخواست گذاروں کی جانب سے سینئر ایڈوکیٹ ٹی رام پرساد نے بحث کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت، پرنسپل سکریٹری جنگلات اور پرنسپل سکریٹری قبائیلی بہبود کو مقدمہ میں فریق بنایا گیا ہے۔ چیف جسٹس ستیش چندر شرما نے اس معاملہ کی سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے اندرون دس یوم تفصیلات کے ساتھ جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی حکومت کو ہدایت دی اور آئندہ دس دن بعد مقدمہ کی سماعت مقرر کی ہے۔ر
