کسانوں سے پنگا نہ لیں:نوجوت سدھو

   

چنڈی گڑھ: پنجاب کانگریس کے سابق صدر نوجوت سنگھ سدھو نے چہارشنبہ کو کہا کہ وزیر اعلی بھگونت مان کو کسانوں سے پنگانہیں لیناچاہیے اور جہاں تک ’مردہ باد‘ کے نعروں کی بات ہے ، سننے کی عادت ڈال لیں کیونکہ اپوزیشن میں وہ خود ہمیشہ مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کسانوں کی تحریک کو ’نامناسب‘ اور ’ناپسندیدہ‘ قرار دیتے ہوئے پنجاب میں پانی کی گرتی سطح اور ماحول کوبچانے میں ریاست کی عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت سے اپیل والا بیان جاری کیا تھا۔اسی بیان کا جواب دیتے ہوئے سدھو نے سلسلہ وار ٹویٹس میں کہا کہ وہ باسمتی اور مونگ پر ایم ایس پی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور کابینہ کی میٹنگ بلانے اور اسے مطلع کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں تاکہ کسانوں کو اعتماد حاصل ہو۔سدھو نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ کسانوں کے ساتھ ٹکراؤ کا کردار نہ اختیارکریں۔