کسانوں سے یگانگت، اپوزیشن قائدین جنتر منتر پہونچ گئے

,

   

راہول گاندھی و دیگر کانگریس قائدین، منوج جھا، سنجے راوت کے علاوہ نیشنل کانفرنس ، سی پی آئی ایم ، این سی پی کی نمائندگی

نئی دہلی: کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے پارلیمنٹ سے چل کر جمعہ کو یہاں جنترمنتر پر منعقدہ ‘کسان سنسد’ میں حصہ لیا اورکسانوں کے ساتھ ان کے مطالبات کی حمایت میں یکجہتی کامظاہرہ کیا۔حزب اختلاف کی 14 جماعتوں کے قائدین کی صبح پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس میں میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان کے تمام اہم رہنما کسانوں کے مطالبے کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لیے جنتر منتر جائیں گے ۔ اس کے بعد اپوزیشن لیڈر پارلیمنٹ سے بس میں سوار ہوکر جنتر منتر کے لیے روانہ ہوئے ۔پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں پیگاسس، کسانوں کے مدے اورمہنگائی کے تعلق سے اپوزیشن جماعتیں ہنگامہ آرائی کر رہی ہیں جس کی وجہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی نہیں چل پارہی ہے ۔ پارلیمنٹ کی کارروائی جمعہ کو بھی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی اورشورشرابے کے سبب دوپہر 12 بجے دن بھر کے لئے ملتوی کرنی پڑی۔اپوزیشن کے جن لیڈران نے جنترمنتر پر ‘کسان سنسد’ میں حصہ لیا، ان میں کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھرگے، لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری، پارٹی رکن پارلیمنٹ منیش تیواری، امبیکا سونی کے علاوہ آئی ایم یو ایل کے ای ٹی بشیر، آر ایس پی کے این کے پریم چندرن، ڈی ایم کے کے تروچی شیوا، آر جے ڈی کے منوج جھا، شیو سینا کے سنجے راوت، نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی کے ساتھ سماج وادی پارٹی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شیو سینا، مارکسی کمیونسٹ پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، عام آدمی پارٹی اور کئی دیگر پارٹیوں کے لیڈرشامل ہوئے ۔یہاں احتجاج کرنے والے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ وہ ان کے ساتھ متحد کھڑے ہیں اور ان کے مطالبات پورے ہونے تک ان کے ساتھ لڑیں گے ۔
a