کسانوں نے دسہرہ پر ’راون‘ کے بجائے مودی کے پُتلے جلائے

,

   

چندی گڑھ : پنجاب کے عوام نے مذہبی تہوار ’دسہرہ‘ کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے جلادیے۔ پنجاب میں کسانوں نے اتوار کو روایتی تہوار ’دسہرہ‘ منایا۔ اس دن ہندو لوگ ’راون‘ کے پتلے جلاتے ہیں۔ تاہم ، گزشتہ روز تہوار کی خاص بات یہ رہی کہ پنجاب کے عوام نے راون کی بجائے مودی کے پتلے جلائے۔پنجاب کسان یونین نے ریاست کے مختلف شہروں بھٹنڈہ، ترن تارن، فیروز پور، امرتسر وغیرہ میں دسہرہ کے موقع پر مودی کے پتلے مفت تقسیم کیے تھے۔ سکھوں کی سیاسی پارٹی شرومنی اکالی دل مرکز میں حکمراں اتحاد این ڈی اے سے علیحدہ ہوگئی۔ ہندوؤں کا ماننا ہے کہ راون کو جلانے سے ان کے سارے گناہ بھی جل کر راکھ ہوجاتے ہیں اور وہ مصیبتوں سے چھٹکارا پا لیتے ہیں۔کسان یونین کے عہدیداروں کاکہنا ہے کہ مودی ہندوستان کیلئے سب سے بڑا شیطان ہے اور دسہرہ کے موقع پر اس بڑے شیطان کو جلانے سے ملک میں سکون قائم ہوگا۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں اِس وقت کسانوں کے مظاہرے اپنے عروج پر ہیں اور کسان کئی روز سے مودی حکومت کے نافذ کردہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔دسہرہ کے موقع پر راون کے روایتی پتلوں کی بجائے مودی کے پتلے جلانے کا یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے۔کسانوں کو بی جے پی کی طویل عرصہ تک اتحادی رہنے والی جماعت اکالی دل کی حمایت حاصل ہے۔ اکالی دل نے زرعی قوانین کی مخالفت میں حال ہی میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد ختم کر لیا ۔ہندوستان میں کسان سنگین معاشی مسائل سے دوچار ہیں اور سالانہ ہزاروں کسان ان ہی مجبوریوں کے تحت خودکشی کرلیتے ہیں۔