بی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ کو فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ ، کھمم میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے وعدے کے مطابق 15 اگست تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک زرعی قرض معاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہریش راؤ میں شرم و حیا ہے تو اسمبلی کی رکنیت سے فوری مستعفی ہوجانے کا مطالبہ کیا ۔ آج ضلع کھمم میں چیف منسٹر نے وزراء ملو بٹی وکرامارکا ، اتم کمار ریڈی ، پی سرینواس ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ساتھ مختلف ترقیاتی کاموں میں حصہ لیا ۔ سیتارام لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو کسانوں کے نام معنون کیا اور ویرا میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کسانوں کے تیسرلے مرحلے کے دیڑھ تا 2 لاکھ روپئے کے قرض کو معاف کرنے کا اعلان کیا ۔ اس طرح تین مرحلوں میں کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کیے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک زرعی قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا جس کو حکومت تشکیل دینے کے صرف 8 ماہ میں پورا کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران عوام سے وعدہ کرچکے تھے کہ 15 اگست تک کسانوں کے دو لاکھ روپئے کے قرض معاف کردیں گے ۔ جس کو بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ 15 اگست تک کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کرنا ممکن نہیں ہے ۔ ریاست کا خزانہ خالی ہے ۔ اگر حکومت کی جانب سے 15 اگست تک کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک قرض معاف کردئیے جاتے ہیں تو وہ اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ بصورت دیگر ریونت ریڈی کو چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجانے کا چیلنج کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے اگر ٹی ہریش راؤ کو شرم و حیا ہے تو وہ اسمبلی کی رکنیت سے فوری مستعفی ہوجائیں ۔ آج کسانوں کے دیڑھ تا 2 لاکھ روپئے قرض معاف کردئیے ۔ اس طرح کسانوں کے بنک کھاتوں میں 18 ہزار کروڑ روپئے جمع کئے گئے ہیں ۔ ریاست میں 18 جولائی سے کسانوں کے قرض معافی اسکیم کا آغاز ہوا ہے ۔ پہلے مرحلے میں کسانوں کے ایک لاکھ روپئے تک قرض معاف کیے گئے 11 لاکھ 34 ہزار 412 کسانوں کے کھاتوں میں پہلے مرحلے کے تحت 6 ہزار کروڑ روپئے جمع کئے گئے ۔ دوسرے مرحلے میں ایک لاکھ تا دیڑھ لاکھ روپئے قرض معاف کیے گئے ۔ اس طرح 6 لاکھ 40 ہزار 823 کسانوں کے بنک کھاتوں میں 6 ہزار 90 لاکھ کروڑ روپئے جمع کئے گئے ۔ دو مرحلوں میں جملہ 17 لاکھ 75 ہزار 235 کسانوں کے بنک کھاتوں میں 12 ہزار 224 کروڑ روپئے جمع کئے گئے ۔ آج تیسرے مرحلے کے تحت کسانوں میں 18 ہزار کروڑ روپئے جمع کئے گئے ۔ اس طرح تین مرحلوں میں کسانوں کے 31 ہزار کروڑ روپئے کا قرض معاف کیا گیا ہے ۔۔ 2