کسانوں کو پریشان کرنے سے ملک کی ترقی متاثر

   

بی جے پی عوام دشمن پالیسیوں سے اپنی وقعت کھو رہی ہے: ریاستی وزیرپرشانت ریڈی

نظام آباد ۔ وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے مرکزی حکومت کی جانب سے کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے فوری اس سے دستبرداری اختیارکرنے کا مطالبہ کیا ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت عوام دشمن پالیسیوں کو اختیار کرتے ہوئے دن بہ دن عوام کی نظر اپنی اہمیت کو کھورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین مرکزی حکومت پر دبائو ڈالیں تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس کسی بھی ملک اور ریاست میں کسانوں کو پریشان کیاجاتا ہے یہ ملک اور ریاستوں کی ترقی متاثر ہوتی ہے جبکہ تلنگانہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبودی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو زراعت سے بے حد دلچسپی رکھتے ہیں اور کسانوں سے بھی انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں جس کی وجہ سے رعیتو بندھو ، رعیتو بیمہ ( انشورنس ) ،24 گھنٹے برقی سربراہی ، کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر ، مشن کاکتیہ جیسی اسکیمات کو متعارف کرتے ہوئے کسانوں کو راحت پہنچارہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے کسانوں پر مالی طور پر بوجھ عائد کررہے ہیں اور کارپوریٹ اداروں کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے قیمتوں میں اضافہ کیاجانا سراسر غلط ہے ۔ مرکزی حکومت تین ماہ کے دوران 50 سے 100 فیصد قیمتوں میں اضافہ کیا ہے اور زرعی بورس پر میٹر نصب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ سومناتھ کمیشن کی رپورٹ کو برفدان کی نظر کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کسانوں سے خواہش کی کہ بی جے پی قائدین سے اس بات کا سوال کریں کہ کسانوں کیخلاف پالیسیوں کو کیوں اختیار کیا جارہا ہے انہوں نے فوری کھاد کی قیمت میں کمی کا مطالبہ کیا ۔