کسانوں کی بہبود کیلئے آئی ڈی ای آئی کا آبپاشی پروگرام

   

حیدرآباد ۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان بھر میں کسانوں کے مسائل اورسالانہ فصلوں کی بہترپیداوار نہ ہونے کی وجہ سے کسان خود کشی کرنے پر مجبورہورہے ہیں اور انہیں راحت دینے کیلئے حکومت اورخانگی ادارے اپنے طورپر مالی تعاون، وسائل اورجدید ٹکنالوجی کے ذریعہ ایک جانب کسانوں کی مدد کررہے ہیں تو دوسری جانب فصلوں کی پیداوارمیں اضافہ بھی ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اس تناظرمیں تلنگانہ وآندھرا پردیش میں دس ہزار چھوٹے زمرے کے کسان خاندانوں کے لیے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ انٹرپرائیز۔انڈیا( آئی ڈی ای آئی) سے ایک آبپاشی پروگرام متعارف کیا گیا ہے جس کے تحت پائیدارآبپاشی کی مصنوعات اوراس کے استعمال کے طریقوں سے کسان فائدہ اٹھانے کے قابل ہوسکتے ہیں اور اس آبپاشی پروجکٹ کو والمارٹ فاؤنڈیشن سے فنڈ کے ذریعہ مالی تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔والمارٹ فائونڈشن کی جانب سے آئی ڈی ای آئی کو 7.5 لاکھ امریکی ڈالرس کا مالی تعاون فراہم کیا جارہا ہے جس سے ریاست کے دس اضلاع میں چھوٹے زمرے کے کسانوں کو مارکیٹنگ سسٹم پروگرام میں انضمام کرنے میں مدد ملے گی۔ مذکورہ پائیدار زرعی مصنوعات کا پروگرام کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ چھوٹے کسانوں کو آبپاشی کی عصری ٹکنالوجی اورمارکیٹنگ پرمبنی ترقی کے نئے طریقوں سے واقف کروائے گا۔ پائیدارآبپاشی پروگرام سے کسانوں کوپودے لگانا، پیداوارمیں اضافہ، زیادہ سے زیادہ فصل کی مختلف اقسام اورپیداواری صلاحیت کو فروغ دینے، بازار کے نئے مواقع کا تعارف کروانے کے علاوہ اضافی پانی اورایندھن کی کھپت کوروکنے اورمنفی ماحولیاتی اثرکوکم کرکرنے میں مدد ملے گی۔آئی ڈی ای آئی ، والمارٹ فائونڈیشن کے پروگرام کا ایک حصہ ہے جس کا اعلان ستمبر 2018 میں ہوا تھا، اگلے پانچ سال میں ہندوستان میں کسانوں کی معیشت کو بہتربنانے کے لئے 25 ملین امریکی ڈالرس (تقریبا 180 کروڑ) کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔