رعیتو بندھو اسکیم سیاسی فائدہ کیلئے ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 11۔جون (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کی رقومات فوری جاری کی جائے۔ وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے کسانوں سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں کسان خریف کی فصلوں کے بارے میں مسائل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کسان فصلوں کی امدادی قیمت سے محروم ہیں۔ گزشتہ تین دنوں سے حکومت سے رقومات کی امید لگاکر تقریباً 6 لاکھ 25 ہزار کسانوں نے حکومت کے خریداری مراکز کا رخ کیا۔ مزید 3 لاکھ 50 ہزار کسانوں کو 1900 کروڑ کی ادائیگی باقی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ تین دن میں رقومات کی ادائیگی کا وعدہ کرتے ہوئے تین ماہ تک ادائیگی نہ کرنا کہاں تک درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کے نتیجہ میں کسانوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ۔ کسان جو ہر کسی کو غذا فراہم کرتے ہیں، ان کے ساتھ حکومت کا معاندانہ رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کے سی آر حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری ادائیگی کے ذریعہ کسانوں کاک تحفظ کرے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ انتخابی فائدہ کیلئے رعیتو بندھو اسکیم کی رقم میں اضافہ کا اعلان کیا گیا لیکن تشکیل حکومت کے باوجود ابھی تک اضافی رقم جاری نہیں کی گئی۔
