کسان کی لڑکی وزیراعظم کے ساتھ چندریان 2کا مشاہدہ کرنے کا عزم

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد،2 ستمبر (یو این آئی) آندھراپردیش کے سرکاری اسکول کی دسویں جماعت کی طالبہ کنچنا بالاسری واسوی،وزیراعظم مودی کے ساتھ چندریان 2کے چاند کے جنوبی قطب پر اترنے کے منظر کا مشاہدہ کرے گی۔واسوی، ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی(اسرو)کی جانب سے منعقدہ خلائی کوئز میں اہل قرار دی گئی۔اب واسوی، ان 60طالبات کے گروپ کا حصہ ہوگی جو وزیراعظم مودی کے ساتھ 7ستمبر کو بنگالورو میں چندریان 2کے چاند کے جنوبی قطب علاقہ میں پہنچنے کا مشاہدہ کرے گا۔واسوی، سریکاکلم ضلع کے پولاکی منڈل کے ایڈولاولاسا علاقہ کے سرکاری اسکول کی طالبہ ہے ۔وہ انجینئر بننا چاہتی ہے ۔اس نے کہاکہ یوم آزادی کے موقع پر اس کو اس کوئز کے بارے میں اس کے ٹیچر سے معلوم ہوا۔واسوی نے کہا کہ اس نے اسکول میں یوم آزادی کے مقابلہ میں خلا پر ایک مضمون تحریر کیا تھا اور جب ان کے ٹیچر نے اس کوئز کے بارے میں بتایا تو وہ اس میں شرکت کرنا چاہتی تھی۔یہ کوئز ملک بھر کے آٹھویں تا دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے منعقد کی گئی۔بچوں کو خلا سے متعلق سوالات کے جواب دینے کیلے دس منٹ کا وقت دیا گیا۔اسکول کے پرنسپل سرینواس راو نے کہاکہ واسوی، اے پی سے تعلق رکھنے والی واحد لڑکی ہے جس نے یہ مقابلہ جیتا۔واسوی، کسان کی بیٹی ہے ۔اس کاکہنا ہے کہ وہ چندریان 2کے چاند کی سطح پر اترنے کا مشاہدہ کرنے کیلئے پُرجوش ہے ۔
واسوی نے کہا کہ بنگالورو کو بذریعہ طیارہ آنے کی اس سے خواہش کی گئی ہے تاہم وہ اس کے لئے ٹرین کا سفر کرنا چاہتی ہے ۔وہ سریکاکلم سے بذریعہ ٹرین بنگالورو روانہ ہوگی۔اس نے کہاکہ وہ انجینئر بننا چاہتی ہے ۔وہ مودی کے ساتھ ساتھ اس کوئز میں کامیاب دیگر بچوں کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کرنا چاہتی ہے ۔