کسی برے سانتا کو ملک میں داخل نہیں ہونے دیں گے: ٹرمپ

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن: 25 ڈسمبر ( ایجنسیز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرسمس کے موقع پر بچوں کے ساتھ ٹیلی فون کالز پر دلچسپ بات چیت کی اور ان سے یہ وعدہ بھی کیا کہ وہ کسی ’برے سانتا‘ کو ملک میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی صدر نے خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ تقریباً بارہ فون کالز موصول کیں۔ انہوں نے بچوں سے پوچھا کہ وہ کس تحفے کے لیے سب سے زیادہ پْرجوش ہیں۔فلوریڈا میں اپنی مارا۔لاگو رہائش گاہ پر چھٹی مناتے ہوئے صدر اورخاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ ان بچوں سے بات چیت کی روایت میں حصہ لے رہے تھے جو شمالی امریکی فضائی دفاعی کمانڈ کو فون کر کے تفریحی انداز میں سانتا کی دنیا بھر میں حرکت کو ٹریک کرتے ہیں۔اوکلاہوما میں چار اور 10 سال کے بچوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ سانتا اچھا ہو۔ سانتا بہت اچھا انسان ہے۔ ہم یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ وہ برا نہ ہو اور ہم کسی برے سانتا کو اپنے ملک میں داخل نہیں ہونے دیں گے۔‘امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اکثر کرسمس کے موقع پر اپنے سیاسی حریفوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں جیسے کہ 2024 میں انہوں نے پوسٹ میں انتہائی بائیں بازو کے حامیوں کو طنزیہ انداز میں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری کرسمس ریڈیکل لیفٹ لونیٹکس۔‘اپنے پہلے دور میں صدر ٹرمپ نے 24 دسمبر 2017 کو ایک اعلیٰ ایف بی آئی اہلکار اور نیوز میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا، جنہیں وہ اپنے خلاف سمجھتے تھے۔امریکی صدر نے گزشتہ رو ز پوسٹ میں کہا کہ ’سب کو میری کرسمس۔ ’بائیں بازو کے ناپسندیدہ لوگوں کو بھی جو ہمارے ملک کو تباہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، لیکن ناکام ہو رہے ہیں۔‘بچوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ خوش مزاج نظر آئے۔ انہوں نے ایک موقع پر کہا کہ وہ یہ پورا دن کر سکتے ہیں لیکن شاید انہیں زیادہ اہم کاموں کی طرف واپس جانا پڑے ’جیسے روس-یوکرین جنگ میں لڑائی کو ختم کرنے کی کوششیں۔‘شمالی کیرولائنا سے ایک آٹھ سالہ بچے نے پوچھا کہ ’اگر کسی نے سانتا کے لیے کوکیز نہ رکھیں تو کیا وہ ناراض ہو جائیں گے؟’ جس پر امریکی صدر نے کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا ’لیکن میرا خیال ہے وہ بہت مایوس ہوں گے۔‘صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بچوں سے ازراہِ مذاق کہا کہ ’آپ کو معلوم ہے کہ سانتا کچھ گول مٹول ہوتا ہے۔ میرا خیال ہے سانتا کچھ کوکیز پسند کریں گے۔‘انہوں نے ایک آٹھ سالہ بچی سے پوچھا کہ وہ سانتا سے کیا تحفہ لینا چاہیں گی تو بچی نے جواب دیا ’اوہ، کوئلہ نہیں۔‘جس پر صدر ٹرمپ نے جواب دیا کہ ’آپ کا مطلب صاف، خوبصورت کوئلہ ہے؟‘انہوں نے اس دوران اپنا مشہور انتخابی نعرہ دہرایا جو وہ ملک میں کوئلے کی پیداوار کو بحال کرنے کے وعدے کے دوران اکثر استعمال کرتے رہے ہیں۔
امریکی صدر نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’معذرت۔ مجھے یہ کرنا پڑا۔‘ جس پر خاتونِ اوّل نمیلانیا ٹرمپ نے ان کی طرف دیکھا اور وہ مسکرا دیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’کوئلہ صاف اور خوبصورت ہے۔ براہِ کرم اس بات کو ہر صورت یاد رکھیں۔ لیکن آپ صاف اور خوبصورت کوئلہ نہیں چاہتیں، ہے نا؟‘