کسی بھی نئے وائرس کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے تلنگانہ حکومت پوری طرح تیار

   

سیاسی مفادات کے بغیر ہر گاؤں کی ترقی،طبی خدمات میں تلنگانہ ملک میں مثالی۔ کے سی آر
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت ہر اسکیم کو سیاسی اغراض یا سیاسی مفادات کی پرواہ کئے بغیر ہر گاؤں میں سنجیدگی سے عمل کرتے ہوئے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کرچکی ہے۔ پرگتی بھون میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ میڈیکل کالجس کے افتتاح کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ کسی بھی دیہات کو حکومت کی اسکیمات کے فوائد سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کے جذبہ میں ریاست کا ایک ایک انچ حصہ شامل ہے مشن بھگیرتا اس کی مثال ہے جس کے ذریعہ گھر گھر پانی سربراہ کیا گیا ہے۔ مشن کاکتیہ کے ذریعہ ہر گاؤں کو پانی آبپاشی ضرورتوں کیلئے سیراب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دوردراز کے علاقوں کی ترقی پر توجہ دے رہی ہے تاکہ وہاں بسنے والے افراد اسکیمات سے محروم نہ رہیں۔ کورونا کی صورتحال اور طبی سہولتوں کی فراہمی میں دشواریوں کا حوالہ دیتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ وبائی امراض کے ماہرین نے آنے والے دنوں میں مختلف انداز کے وائرس کے منظر عام پر آنے کی پیش قیاسی کی ہے اور تلنگانہ حکومت کسی بھی وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس ملک میں بہتر طبی سہولتیں رہیں گی وہاں کم نقصانات ہوں گے اور جہاں پر کمیاں رہیں گی وہاں بھاری نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں وبائی امراض یا کسی وائرس کے نقصانات کو روکنے کیلئے حکومت نے طبی خدمات کو مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوامی زندگی کا تحفظ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کو کسی بھی بیماری یا عارضہ کی صورت میں بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کیلئے میڈیکل کالجس کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں طبی خدمات کیلئے تلنگانہ اپنی شناخت رکھتا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کو میڈیکل نشستوں کے معاملہ میں خودمکتفی بناتے ہوئے طلبہ کو دیگر مقامات کا رخ کرنے سے روکنا حکومت کا مقصد ہے۔ر