کشتواڑ میں انکاؤنٹر،2 عسکریت پسند ہلاک

,

   

جموں، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے میں جمعہ کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ایک تصادم آرائی میں 2 جنگجو ہلاک ہوئے ۔آئی جی پولیس جموں کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا: ‘کشتواڑ کے ایک دور افتادہ علاقہ دچھن میں جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع ملنے پر فوج، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک ٹیم علاقے میں تعینات تھی جس دوران طرفین کے درمیان تصادم آرائی ہوئی جس میں دو جنگجو ہلاک اور ان کی تحویل سے دو ہتھیار بھی بر آمد کئے گئے ‘۔دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلوکین وہی جنگجو ہیں جنہوں نے ماہ رواں کی 14 تاریخ کو دچھن علاقے میں جموں و کشمیر پولیس کے دو ایس پی اوز پر تیز دھار والے ہتھیاروں سے حملہ کرکے ایک کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا تھا اور ان سے دو بندوق چھین لئے تھے ۔بتادیں کہ کشتواڑ کے دچھن علاقے میں پیر کے روز تیز دھار والے ہتھیاروں سے لیس دو افراد نے جموں وکشمیر پولیس کے دو اسپیشل پولیس آفیسرس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔ حملہ آوروں نے ان ایس پی اوز سے ہتھیار بھی چھین لئے تھے ۔حملے کے بعد دچھن کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی تھی۔

شوپیان میں انکاؤنٹر ،2 جنگجو ہلاک
سرینگر، 17 (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے کیگام علاقے میں جمعہ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں دو مقامی جنگجو جان بحق ہوئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کی جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم بشمول 44 آر آر نے شوپیاں کے کیگام علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران سیکورٹی فورسز کی ایک تلاشی ٹیم جب ایک جگہ کے نزدیک پہنچے تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے ان پر گولیاں برسانا شروع کیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان گھمسان کا رن پڑ گیا۔ذرائع نے بتایا کہ طرفین کے مابین تصادم آرائی میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو مقامی جنگجو ہلاک ہوئے تاہم مہلوک جنگجوؤں کی شناخت ابھی ہونا باقی ہے ۔انہوں نے بتایا بعد ازاں سیکورٹی فورسز نے ایک اور ملحقہ گاؤں مغل پورہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی کاروائیاں شروع کیں۔