کشمیرمیں ہڑتال سے معمولات زندگی متاثر

   

سری نگر: وادی کشمیر میں جمعہ کے روز حریت کانفرنس (ع) کی کال پر مکمل ہڑتال رہنے سے معمولات زندگی درہم وبرہم ہو گئے ۔ حریت کانفرنس (ع) نے یہ کال حیدر پورہ انکاؤنٹر میں ہلاک ہونے والے الطاف احمد اور مدثر گل کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی و یکجہتی کے بطور دی تھی۔ حریت کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا: ‘حریت کانفرنس اس پرشدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے اور چونکہ بیشتر عوامی قیادت اور سیاسی کارکنان جیلوں یا گھروں میں نظربند ہیں تاہم حریت اس طرح کے غیر انسانی طرز عمل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معصوم شہریوں کے متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور اس ضمن میں عوام 19 نومبر2021 بروز جمعہ از خود مکمل ہڑتال کر کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کریں۔