کشمیرمیں یکطرفہ تبدیلی غیرقانونی و غیرمؤثر، چین کا ریمارک

   

ہندوستان کا سخت ردعمل

بیجنگ: چین نے ہندوستان کی جانب سے جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کرنے کے اقدام پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے کہا ہیکہ کشمیر میں کوئی بھی یکطرفہ تبدیلی غیرقانونی اور غیرمؤثر ہے۔ نئی دہلی میں حکومت ہند نے چین کے اس ریمارک پر شدید ردعمل ظاہر کیا اور کہا کہ کشمیر کے بارے میں بیجنگ حکومت کو غیرضروری مداخلت سے گریز کرنا چاہئے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت ہند کا موقف ہیکہ چین کی طرف سے اس طرح کی بیان بازی باہمی تعلقات میں دراڑ پیدا کرسکتی ہے۔ چین کے دفترخارجہ کے ترجمان وانگ وینبین نے نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال پر اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا کہ چین کشمیر کے خطے کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہمارا موقف مستقل اور واضح ہے۔ مسئلہ کشمیر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تاریخ کا چھوڑا ہوا ایک تنازعہ ہے۔مسئلہ کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوطرفہ معاہدوں کے تحت ایک تسلیم شدہ حقیقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے خطے میں اور اس کی حیثیت میں کسی قسم کی یکطرفہ تبدیلی غیرقانونی اور غیر مؤثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ متعلقہ فریقین کے درمیان مذاکرات اور پرامن بات چیت سے حل ہونا چاہئے۔