کشمیری قائدین کیخلاف غداری کیس کی سماعت سے جج کا انکار

   

نئی دہلی ۔ 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ہائی کورٹ کے ایک جج جسٹس اے جے بھمبنا نے جو چیف جسٹس راجندر میتن کی قیادت میں قائم ڈیویژن بنچ کا حصہ تھے ۔ چہارشنبہ کو الیکشن کمیشن کو جموں و کشمیر کے سیاست داں اور قائدین فاروق عبداللہ ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دینے کی درخواست کی سماعت سے انکار کردیا ۔ ان مذکورہ قائدین پر الزام ہے کہ انہوں نے غدارانہ بیانات دیئے ہیں ۔ یہ معاملہ سماعت کے لئے /12 اپریل کو کسی دوسرے بنچ کے روبروپیش کیا جائے گا ۔ ایک وکیل نے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی تھی کہ مذکورہ تینوں قائدین نے جو باغیانہ اور فر قہ وارانہ بیانات دیئے ہیں وہ دستور کے خلاف ہیں ۔ اس لئے عدالت یا الیکشن کمیشن ان قائدین کے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردے ۔ درخواست گزار وکیل سنجیو کمار نے ان قائدین پر مختلف الزامات میں مقدمہ چلانے کی بھی درخواست کی ہے جس میں بغاوت ، منافرت پر اکسانا بھی شامل ہے ۔