علیگڑھ۔4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ٹیچرز اسوسی ایشن نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ کشمیر میں معمول کے حالات بحال کرنے اقدامات کرے۔ ’اموتا‘ کی مجلس عاملہ نے جمعرات کو قرارداد منظور کی جس میں کہا گیا کہ کشمیر میں آگے بڑھنے کا صرف ایک راستہ ہے کہ کشمیریوں کے دلوں کو جیتا جائے۔ قرارداد میں حکومت کو قومی شہری رجسٹر پر عمل آوری کے تعلق سے بھی عوام کی جائز تشویش و پریشانی پر محتاط رویہ اختیارکرنے کہا گیا۔ اساتذہ نے کشمیر میںعوام کی نقل و حرکت پر تحدیدات اٹھالینے کا مطالبہ کیا اور ریاست کی مصائب میں گرفتار آبادی کیلئے انسانی امداد پر بھی زور دیا۔ اس تنظیم نے بلا امتیاز معصوم بچوں اور بڑوں سمیت لوگوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاری کی رپورٹ پر بھی بحث کی۔ ’’اموتا‘‘ کے سکریٹری جنرل نجم الحسن نے کہا کہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ سماج کے تمام گوشوں کو اس بات کا قائل کرے کہ پالیسی کے نفاذ کے وقت کسی کے ساتھ بھی ناانصافی نہیں کی جائے گی۔