نئی دہلی۔ 5 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے کشمیر کے معاملے پر پیر کے روز ایوان میں زبردست ہنگامہ کیا اور اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بیان دینے کا مطالبہ کیا۔ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے رکن ایوان کے وسط میں آکر ہنگامہ کرنے لگے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے نعرے بازی کرتے ہوئے مودی سے بیان دینے کا مطالبہ کیا۔ ہنگامے کے دوران رکن ‘تانا شاہی نہیں چلے گی، ‘دادا گری نہیں چلے گی، جیسے نعرے لگاتے رہے ۔صدر اوم برلا کے ارکان کو پرسکون رہنے اور اپنی نشست پر بیٹھنے کی اپیل کرنے کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ہنگامہ جاری رہا۔جموں و کشمیر کی نمایاں جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے پارلیمنٹ میں حتی المقدور احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی اور کہاکہ حکومت کشمیر کو غیرمستحکم کررہی ہے ۔ راجیہ سبھا میں پی ڈی پی کے دو ارکان کو مارشلوں کے ذریعہ ایوان سے باہر کردیا گیا جبکہ اُنھوں نے ہندوستانی دستور کی نقول پھاڑ دیئے تھے ۔ تاہم پارلیمنٹ کے باہر بھی ان ارکان نے اپنے غم و غصہ کاا ظہار کیا اور مودی حکومت کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے ۔
