کشمیر : میدانات میں بارش، پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری

   

سری نگر، 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وادی ٔکشمیر کے میدانی علاقوں میں جہاں جمعہ کی صبح سے شروع ہونے والی رک رک کر بارش کا سلسلہ ہفتہ کے روز بھی جاری رہا وہیں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری بھی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سردی میں قدرے اضافہ اور لاک ڈاؤن مزید سنگین ہوا ہے ۔ ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں اتوار سے موسم بہتر ہونے کی پیش گوئی ہے ۔ متعلقہ محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ وادی میں اتوار سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے اور بعد ازاں 23 اپریل تک موسم خشک رہنے کی امید ہے ۔ وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ ہفتے کو مسلسل دوسرے روز بھی گاڑیوں کی نقل وحمل کے لئے بند رہی۔ہائی ذرائع نے بتایا کہ شاہراہ پر کئی مقامات بشمول بانہال رام بن کے حصے میں موسلادھار بارشوں کی وجہ سے بھاری بھرکم مٹی کے تودے گر آئے ہیں جن سے شاہراہ بند ہوئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ کو صاف کرنے کا کام جاری ہے لیکن لگاتار بارشیں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔