میڈیا سے بات کرنے دروازہ توڑ کر باہر نکلا ہوں : فاروق عبداللہ
سرینگر؍ نئی دہلی۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے منگل کو کہا کہ انہیں گھر پر نظربند رکھا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آمرانہ اتھاریٹی مسلط کردی گئی ہے اور جموں و کشمیر میں یہ کوئی جمہوری اتھاریٹی نہیں ہے۔ فاروق عبداللہ نے جھنجھلاکر جذباتی انداز میں کہا کہ میڈیا سے بات چیت کیلئے میں ’دروازہ توڑ کر باہر نکلا ہوں‘۔ فاروق عبداللہ نے زور دے کر کہا کہ دستور ہند میں دفعہ 370 کی ضمانت دی گئی ہے، لیکن جموں و کشمیر میں آمرانہ اتھاریٹی مسلط کردی گئی ہے جوکہ جمہوری اتھاریٹی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ آخر کتنے افراد گرفتار کئے گئے ہیں، کسی کو بھی گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا جارہا ہے اور ہم سب گھر پر نظربند ہیں۔
جموں و کشمیر کے تینوں علاقوں کی صورتحال پرامن : ڈی جی پی
سرینگر؍ جموں ۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام)جموں و کشمیر کے تمام تین علاقوں میں صورتحال آج مکمل طور پر پرامن رہی ۔ سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے جس کے ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے سرینگر سے کہا کہ گزشتہ روز مرکز کی طرف سے ریاست کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تقسیم کئے جانے کے بعد ریاست میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔