سرینگر، 24 نومبر (آئی اے این ایس)جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑا کے نوگام گاؤں میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد پیر کی صبح بے ہوش پائے گئے، جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جی ایم سی ہندواڑہ سے رجوع کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو مستحکم قرار دیا ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق واقعہ فوڈ پوائزننگ کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ متاثرہ خاندان نے شادی کی تقریب میں کھانا کھایا تھا یا کوئی باسی گھریلوکھانا استعمال کیا۔ حتمی وجہ میڈیکل رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔ وادی میں حالیہ شادی سیزن کے دوران ناقص یا باسی کھانے سے فوڈ پوائزننگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال وسط میں جموں وکشمیر میں بڑے پیمانے پر غیر محفوظ خوراک کا اسکینڈل سامنے آیا تھا جس میں11 ہزارکلو سے زائد سڑا ہوا گوشت، خراب پنیر اور دیگر ملاوٹی اشیاء برآمد ہوئی تھیں۔ حکومت نے سخت کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانوں اور اداروں کے لائسنس معطل کیے۔
