سرینگر : جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سرینگر کے مضافاتی علاقہ نوگام میں جمعہ کی صبح جنگجوئوں نے پولیس کی ایک پارٹی پر حملہ کر کے دو اہلکاروں کو ہلاک جبکہ ایک دیگر کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے ترجمان نے حملے کی تصدیق میں کہا کہ نوگام ’بائی پاس‘ پر جنگجوئوں کی جانب سے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو اہلکار زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ مہلوکین کی شناخت اشفاق ایوب اور فیاض احمد جبکہ زخمی اہلکار کی شناخت محمد اشرف کے طور پر ہوئی ہے ۔ ایک رپورٹ میں کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ حملہ ’جیش محمد‘ کے جنگجوئوں کی کارستانی ہے۔