وڈودرا،24جولائی(سیاست ڈاٹ کام)جموں وکشمیر میں دہشت گردوں کے ساتھ مڈبھیڑ میں فوج کے شہید جوان عارف پٹھان کی تدفین کے دوران ان کے آبائی شہر گجرات کے وڈودرا میں آج ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ عارف کا جنازہ کل رات ہی یہاں لایا گیاتھا اور اسے ایس ایس جی اپستال کے مردہ گھر میں رکھا گیاتھا۔ان کے جنازے کو صبح فوج کی گاڑی میں ترنگے میں لپٹے تابوت میں جب ان کے نوایارڈ میں واقع گھر لے جایا گیا تواس موقع پر ان کی آخری جھلک پانے کے لئے بے شمار افراد موجود تھے ۔ ان کے سوگوار لواحقین انہیں کھونے کے غم کے باوجود ان کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عارف اپنی بہنوں اور بھانجیوں سے بہت محبت کرتے تھے ۔اس بار عید کے موقع پر ہی انہوں نے دس ہزار روپے بطور عیدی دئے تھے ۔انہوں نے اپنی شہادت سے تین دن پہلے ہی آخری باراپنی ماں اور دیگر گھروالوں سے ویڈیو کال کے ذریعہ بات کی تھی۔ ان کی تدفین کے لئے جب ان کا جنازہ لایا جارہا تھا تو اس کے پیچھے بھی ہزاروں لوگ چل رہے تھے ۔کئی لوگ بھارت ماتا کی جے کے نعرے بھی لگارہے تھے ۔
