سری نگر: وادی کشمیر میں بدھ کے روز طویل سرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ۔اسکولوں کے کھلنے کے ساتھ ہی جہاں سڑکوں اور گلی کوچوں میں کھوئی ہوئی سی رونق لوٹ آئی وہیں تعلمیمی اداروں کی خاموشی بھی بچوں کی چہچہاہٹ سے ٹوٹ گئی۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح شہر و دیہات میں مختلف النوع صاف وشفاف وردیوں میں ملبوس بچوں کو اپنے اپنے اسکولوں کی طرف جاتے ہوئے دیکھا گیا۔بعض بچے اسٹافوں پر اپنے والد یا والدہ کے ہمراہ اسکول بس کا انتظار کرتے ہوئے دیکھے گئے تو بعض بچوں جن کے اسکول نزدیک ہی واقع ہیں، کو پیدل کاندھوں پر کتابوں کے نئے بیگ لدے اپنے ساتھیوں کے ساتھ اپنے اپنے اسکولوں کی طرف رواں دواں دیکھا گیا۔بچوں کے چہروں پر خوشی سے ان کی خوبصورتی اور معصومیت میں مزید چار چاند لگ گئے تھے ۔مقتدیٰ مہدی نامی ایک طالب علم نے یو این آئی کو بتایا کہ طویل سرمائی چھٹیوں کے بعد اسکول جانا ہے ۔