سرینگر، 18 نومبر (ایجنسیز) جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام میں سکیورٹی فورسز نے ایک کارروائی کے دوران لشکر طیبہ کے مبینہ کمانڈر محمد لطیف بھٹ کو ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق وہ ضلع کے زنگل پورہ گاؤں کی ایک مسجد کے اندر پناہ لیے ہوئے تھا۔ فوج اور پولیس نے اسے ویڈیو کال کے ذریعہ خودسپردگی پر آمادہ کرنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم اس نے انکار کردیا، جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں وہ مارا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھٹ گزشتہ سال عسکریت پسندوں میں شامل ہوا تھا اور سکیورٹی فورسز پر کئی حملوں میں ملوث تھا۔ گزشتہ ہفتہ کلگام میں سی آر پی ایف کی گشتی ٹیم پر حملے میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اسے وادی کشمیر میں لشکر طیبہ کا آخری سرگرم مقامی عسکریت پسند قرار دیا ہے۔ اس حملے کے بعد کئی دیہات کا محاصرہ کرکے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم چلائی گئی۔ سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پوری آبادی کو سزا دینا ناانصافی ہے۔ حکام کے مطابق سینکڑوں افراد سے پوچھ گچھ اور کم از کم 20 افراد کو حراست میں لیا گیا۔