واشنگٹن ۔6 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے ایک میڈیا واچ ڈاگ نے ہندوستان سے خواہش کی ہے کہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور دیگر مواصلاتی رابطوں کو بحال کیا جائے جنھیں وادی میں لاء اینڈ آرڈر کی برقراری کیلئے معطل کردیا گیا تھا ۔ کشمیر میں اس وقت صورتحال انتہائی نازک ہے جہاں حساس علاقوں اور اہم تنصیبات پر فوج کی جمعیتوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ قبل ازیں موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات کو معطل کرتے ہوئے متعدد قائدین کو حراست میں لیا گیا تھا ۔ میڈیا واچ ڈاگ جس کانام ’’دی کمیٹی ٹو پروٹکٹ جرنلسٹس ‘‘ ہے ، نے جموںو کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ۔ یاد رہے کہ پیر کے روز حکومت ہند نے جموںو کشمیر کو حاصل خصوصی موقف کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرتے ہوئے کشمیر کو بھی ہندوستان کی دیگر ریاستوں کا درجہ دیدیا ہے ۔
ہندوستان کے کشمیر کے بارے میں اقدام چین کی خودمختاری متاثر
بیجنگ۔ 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) حکومت چین نے ہندوستان کے اس فیصلے پر تنقید کی ہے کہ جموں و کشمیر کا مرتبہ ریاست سے کم کرکے مرکزی زیرانتظام علاقہ بنادیا جائے۔ یہ ریاست چین سے متصل ہے۔ چین نے کہا کہ ریاست کا درجہ گھٹانے سے چین کی خودمختاری کی اہمیت کم ہوجائے گی۔ اس نے ہندوستان کے اقدام کی سختی سے مخالفت کی ہے۔
