کشمیر میں کئی جگہ این آئی اے دھاوے اور گرفتاریاں

   

سرینگر : قومی تحقیقاتی ادارہ (این آئی اے) نے چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے وادی کشمیر کے سرینگر، پلوامہ اور شوپیان اضلاع میں 16 مقامات پر چھاپے مار کر 5 مشتبہ دہشت گردوں یا ان کی اعانت کرنے والوں کو گرفتار کیا ہے۔ این آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ عسکریت پسندی سازش کیس کے سلسلہ میں ایجنسی نے مختلف اضلاع میں ایک درجن سے زائد مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے گرفتاریاں عمل میں لائی ہے۔ انہوں نے گرفتار افراد کی شناخت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان میں وسیم احمد، طارق احمدڈار، بلال احمد میر، طارق احمد شامل ہیں۔ سمجھا جاتا ہیکہ انہوں نے لشکرطیبہ ، جیش محمد حزب المجاہدین، البدر اور ان سے وابستہ ذیلی تنظیموں کے کیڈر کے ساتھ ملک کر حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ایجنسی نے مختلف مقامات پر الیکٹرانک آلات اور بعض قابل اعتراض دستاویزات بھی ضبط کئے تھے۔ قبل ازیں این آئی اے نے منگل کو بھی گرفتاریاں عمل میں لائے تھے۔