سری نگر:وادی کشمیر میں ملک کے 72 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر تمام مواصلاتی کمپنیوں کی موبائل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یہ قدم امن دشمن عناصر کی جانب سے انٹرنیٹ خدمات کے غلط استعمال کو روکنے کے لئے اٹھایا گیا ہے۔ معطلی کا مقصد یہ بھی ہے کہ کسی بھی طرح کی افواہوں کو پھیلنے سے روکا جائے۔انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی وجہ سے مقامی لوگوں بالخصوص پیشہ ور افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے جو تیز رفتار تھری جی اور فور جی انٹرنیٹ کی معطلی کی مسلسل معطلی کی وجہ سے پہلے سے ہی بہت پریشان ہیں۔وادی میں تمام مواصلاتی کمپنیوں کی انٹرنیٹ سروسز منگل کی صبح منقطع کی گئیں۔ تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔کشمیر کے حالات پر گہری نگاہ رکھنے والے مبصرین کا کہنا ہے کہ یوم جمہوریہ یا یوم آزادی کے موقعوں پر وادی میں مواصلاتی نظام پر قدغن عائد کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔سیکورٹی اداروں کا ماننا رہا ہے کہ وادی میں پاکستان نوجوانوں کو احتجاج پر اکسانے کے لئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں کا بڑے پیمانے پر استعمال کررہا ہے۔