کشمیر کی آزادی کیلئے القاعدہ کی اپیل

   

کابل : نریندر مودی حکومت نے گزشتہ روز طالبان سے جڑے القاعدہ کی جانب سے جاری کردہ بیا ن کا تشویش کے ساتھ نوٹ لیا ہے جس میں امریکہ کے نامزد کردہ سنی پشتون کٹر پسند گروپ کی امریکی افواج کو رسوا کرنے اور شکست دینے اور پھر انہیں افغانستان سے خارج کرنے کی تعریف و ستائش کی گئی ہے۔ اس طرح عملاً اسلام پسند قوتوں کو فلسطین ، اسلامی مغرب، صومالیہ، یمن اور کشمیر کو اسلام کے دشمنوں کی بالادستی سے آزاد کرانے عالمی جدوجہد چھیڑدینے کی ترغیب دی گئی ہے۔ القاعدہ کا بیا ن اس روز سامنے آیا جب سینئر طالبان لیڈر شیر محمد استنک زئی نے ہندوستانی قاصد برائے قطر کو یقین دلایا کہ افغانستان میں کسی بھی مخالف ہندوستان سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ منگل کو القاعدہ نے طالبان پر زور دیا کہ کشمیر، فلسطین، یمن اور دیگر اسلامی خطوں کو بھی اسی طرح آزاد کرایا جائے جیسے انہوں نے امریکی قبضہ سے افغانستان کو آزاد کرایا ہے۔