کشمیر کے شوپیان میں انکاؤنٹر ، 5 عسکریت پسندہلاک

   

سری نگر۔7جون(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں اتوار کو ہوئے ایک انکاؤنٹر میں 5 جنگجو مارے گئے۔جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع شوپیان کے ریبن میں اتوار کی صبح سکیورٹی افواج اور عسکریت پسندوں میں فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا جس میں 5 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ جن میں اعلیٰ حزب کمانڈر فاروق احمد بٹ عرف نالی بھی شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مہلوک عسکریت پسندوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے ریبن نامی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس، فوج کی ایک راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے اس علاقہ میں اتوار کی صبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسیس کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی، تو وہاں موجود جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ کی، جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم ہوگیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک عسکریت پسندوں کے قبضہ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے اور علاقہ میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے سیکورٹی فورسیس کی بھاری نفری تعینات رکھی گئی ہے۔