کشمیر کے پانپور میں انکاونٹر‘ لشکر طیبہ کمانڈر سمیت 2 ہلاک

   

سری نگر: جنوبی کشمیر کے قصبہ پانپور کے درنگ بل علاقے میں کل رات عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم ہوگیا جس میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک کمانڈر سمیت دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پانپور تصادم میں دو عسکریت پسند ہلاک کر دیئے گئے تاہم آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک عسکریت پسندوں کی تحویل سے اسلحہ وگولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے کہا گیا کہ درنگ بل پانپور تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے بھی مارا گیا جو باغات سری نگر میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ ٹوئٹ میں کہا گیا کہ درنگ بل پامپور تصادم آرائی میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے کو ہلاک کر دیا گیا جس نے کانسٹیبل محمد یوسف اور کانسٹیبل سہیل احمد کو شہید کیا تھا، جب وہ چائے پی رہے تھے عسکریت پسندوں کے دوسرے جرائم میں یہ سب سے زیادہ نا قابل معافی جرم ہے۔ایک اور ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہم عسکریت پسندوں کو تلاش کرنے کے لئے پولیس پرعزم ہیں جو لوگوں میں خوف و دہشت پیدا کر رہے ہیں اور وادی میں فساد پھیلا رہے ہیں ایسے عناصر کو سماج سے نکال باہر کیا جانا چاہئے۔ قبل ازیں کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ اونتی پورہ پولیس کو عسکریت پسندوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے گزشتہ شام درنگ بل پانپور کو محاصرے میں لے لیا اور تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انسپکٹر جنرل وجے کمار نے بتایا کہ پھنسے ہوئے عسکریت پسندوں کو خود سپرد کرنے کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے ایسا کرنے کے بجائے فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تصادم چھڑ گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ محاصرے میں لشکر طیبہ کے کمانڈر عمر مشتاق کھانڈے سمیت دو عسکریت پسند مارے گئے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ عکسریت پسندوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج کی 50 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے درنگ بل پامپور کو گزشتہ شام محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ عمل میں آیا ۔
طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔