کشن باغ میں آٹو ڈرائیورس اور منچلے نوجوانوں کی سرگرمیاں خواتین و لڑکیوں میں خوف، پولیس خاموش تماشائی

   

حیدرآباد ۔ 25 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ کشن باغ میں خواتین اور لڑکیوں کا گھر سے نکلنا مشکل ہوگیا ہے۔ کشن باغ چوراہے پر منچلے نوجوانوں کی کثرت اور آٹو ڈرائیورس کی من مانی خواتین اور لڑکیوں کے علاوہ اسکول جانے والی کم عمر لڑکیوں کیلئے مشکلات کا سبب بن گئی ہے۔ آئے دن منچلے نوجوانوں اور کم عمر لڑکوں کی سرگرمیاں خوف و ہراسانی کا سبب بن گئی ہے۔ تاہم بہادرپورہ پولیس اس سنگین معاملہ کو ان دیکھا کررہی ہے۔ مقامی عوام کی جانب سے متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بہادرپورہ پولیس کو اس مسئلہ کی کوئی پرواہ نہیں اور شی ٹیم کی جانب سے بھی کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے۔ مصروف ترین اوقات بالخصوص اسکول و کالج کے اوقات میں منچلے نوجوان اور آٹو ڈرائیور مبینہ طور پر لڑکیوں سے چھیڑچھاڑ کرتے ہیں اور انہیں پریشان کررہے ہیں جس کا کوئی تدارک نہیں ہے۔ پولیس اور شی ٹیم کی جانب سے کارروائی نہ ہونے کے سبب ان افراد کے حوصلے بلند ہورہے ہیں اور دن بہ دن ان کی غیراخلاقی حرکتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ لڑکیوں کے اسکول اور کالج جانے اور اولیائے طلبہ ان کی سلامتی کے تعلق سے فکرمند ہیں اور شہر میں آئے دن پیش آرہے واقعات سے خوف و ہراسانی کا شکار ہورہے ہیں۔ کمشنر پولیس حیدرآباد کو چاہئے کہ وہ بہادرپورہ پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیں اور شی ٹیم کے عملہ کو اس جانب اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کریں۔ع