کشن بہترین کپتان، مشورہ بھی لیتے ہیں: ہینرک کلاسن

   

نئی دہلی، 7 اپریل (آئی اے این ایس) سن رائزرس حیدرآباد کے جارحانہ بیٹر ہینرک کلاسن نے ٹیم کے کپتان ایشان کشن کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک شاندار قائد ہیں اور ٹیم ان کی قیادت میں غیر معمولی انداز میں ردعمل دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشان کشن کے فیصلوں میں ٹھہراؤ ہے اور وہ تجربہ کارکھلاڑیوں سے مشورہ لینے میں بھی ہچکچاتے نہیں۔ ایشان کشن کو ابتدائی میچوں کے لیے ٹیم کا عبوری کپتان مقررکیا گیا تھا کیونکہ مستقل کپتان پیٹ کمنزکمر کی تکلیف سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ کشن کی قیادت میں سن رائزرس حیدرآباد نے اب تک ایک میچ جیتا ہے جبکہ دو میں شکست ہوئی ہے، اور ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ کلاسن نے آئی اے این ایس کے سوال کے جواب میں جیو اسٹار پریس روم میں کہا دیکھیں، میرے خیال میں وہ اب تک شاندار رہے ہیں۔ وہ ایسے کپتان ہیں جو مشورہ لیتے ہیں۔ ہمارے ڈریسنگ روم میں کافی تجربہ موجود ہے، اس لیے وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان کی فیصلہ سازی، بولروں کی تبدیلی اور ٹیم کا ان کی بات سننا واقعی غیر معمولی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں، اور خوش قسمتی سے وہ بالکل بھی مغرور نہیں ہیں، جس سے ماحول آسان ہو جاتا ہے۔ ان کی قیادت میں کھیلنا خوشگوار ہے، وہ مزاح بھی کرتے ہیں تاکہ ماحول زیادہ سنجیدہ نہ ہو، کیونکہ یہ ماحول کبھی کبھار بہت دباؤ والا ہو سکتا ہے۔ کلاسن نے کہا کہ ایشان کشن نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کامیاب قیادت کی ہے، جہاں ان کی ٹیم نے ایک بڑا ٹورنمنٹ جیتا تھا (جھارکھنڈ نے سید مشتاق علی ٹرافی ان کی قیادت میں جیتی)۔ انہوں نے کہا کہ یہی تجربہ اب ان کی قیادت میں جھلک رہا ہے۔ اپنی ذاتی کارکردگی کے حوالے سے کلاسن نے کہا کہ اگرچہ ٹیم دو میچ ہارچکی ہے، لیکن ان کی اپنی فارم اچھی رہی ہے۔ انہوں نے تین میچوں میں 145 رنز بنائے ہیں جن میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ بدقسمتی سے ہم دو میچ ہارگئے، لیکن ذاتی طور پر یہ اچھا آغاز ہے، خاص طور پر اس لیے کہ میں پہلے کی طرح زیادہ کرکٹ نہیں کھیل رہا۔ میں یہ بھی دیکھنا چاہتا تھا کہ کیا میں اپنی کارکردگی کا معیار برقرار رکھ سکتا ہوں اور اب تک یہ ایک اچھا آغاز ہے۔ سن رائزرس نیو چندی گڑھ میں پنجاب کنگز کے خلاف کھیلنے کے بعد اپنے ہوم گراؤنڈ پر مسلسل تین میچز کھیلے گی، جہاں ان کا مقابلہ راجستھان رائلز، چنئی سوپرکنگز اور دہلی کیپیٹلز سے ہوگا۔ چنئی سوپر کنگز کے خلاف میچ کے حوالے سے کلاسن نے کہا کہ یہ ہمیشہ ایک دلچسپ مقابلہ ہوتا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ ٹیم کے مالکان کا تعلق بھی چنئی سے ہے، جس کی وجہ سے اس میچ پر اضافی دباؤ ہوتا ہے۔ ہر ٹیم کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنا ضروری ہے۔ امید ہے کہ ہم اگلے میچ سے رفتار حاصل کریں گے۔ E/K