کشن ریڈی نے ریونت ریڈی حکومت کی ستائش کی ترقیاتی کاموں میں مرکز سے تعاون کا تذکرہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 26۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے ترقیاتی کاموں میں مرکزی حکومت سے تعاون کیلئے ریونت ریڈی حکومت کی ستائش کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں تلنگانہ حکومت مرکز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس دور حکومت کے دوران ایسی صورتحال نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کیلئے وزیراعظم نریندر مودی کی آمد کے باوجود اس کے وقت کے چیف منسٹر کے سی آر نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی ۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد صورتحال بدل چکی ہے۔ سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نئی دہلی پہنچ کر وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے ترقیاتی پراجکٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ریاست کے مفادات کی تکمیل کیلئے ریونت ریڈی کی مساعی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران سیاست کی جاسکتی ہے جبکہ الیکشن کے بعد ہر کسی کو ترقیاتی کاموں پر توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بہبود اور ریاست کی ترقی ہر کسی کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔1