مرکزی حکومت کو تنقید کرتے ہوئے چیف منسٹر ریاست کی عوام کو گمراہ کررہی ہے
حیدرآباد۔ یکم: مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی کیا بول رہے ہیں خود انہیں اس کا علم نہیں ہے۔ تلنگانہ کی ترقی کے لئے وہ مرکز سے بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے فنڈس حاصل کررہے ہیں۔ آج پارٹی آفس پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے انہوں نے اب تک مرکز سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کئی فنڈس حاصل کئے ہیں۔ کانگریس پارٹی بالخصوص ریونت ریڈی نے انتخابات کے دوران عوام سے 6 گیارنٹیز کا وعدہ کیا اس کو پورا کرنے میں چیف منسٹر ناکام ہوگئے۔ حکومت کے ناکامیوں کی پردہ پوشی کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی مرکزی حکومت اور بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت کو بلیک میل کرنے سے ریاست میں کانگریس حکومت کے خلاف عوام میں جو ناراضگی ہے وہ ختم نہیں ہوگی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی چیف منسٹر کا حلف لینے کے پہلے دن سے ہی عوام کو دھوکہ دیتے آرہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کو 10 لاکھ کروڑ کے کام دیئے ہیں لیکن کانگریس حکومت کی جانب سے اس کی کبھی تشہیر نہیں کی گئی اور نہ ہی تلنگانہ کے عوام کو اس سے واقف کرایا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ دھمکانے والی سیاست سے ہرگز ہرگز خوفزدہ نہیں ہیں۔ انہوں نے آج تک کبھی تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا نہیں کی، چیف منسٹر ایک منظم سازش کے تحت ان پر جھوٹے الزامات عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز سے فنڈس حاصل کرنے کے لئے جو قواعد ہوتے ہیں اس قواعد کی تلنگانہ حکومت تکمیل نہیں کررہی ہے۔ ڈی پی آر نہیں بھیج رہی ہے اور نہ ہی ترقیاتی کاموں میں ریاست کا جو حصہ ہے وہ ادا کررہی ہے۔ ساتھ ہی حصول اراضیات کے معاملہ میں بھی تلنگانہ حکومت مرکز سے تعاون نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں تاخیر ہو رہی ہے۔ 2