کشن گنج میں تعلیم ، روزگاراور صحت میری اولین ترجیح : عقیل احمدقاسمی

   

نئی دہلی7جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) تعلیم، صحت،سماج اور سیمانچل کے عوام میں بیداری لانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے جامعہ انگلش میڈیم اسکول کشن گنج کے چیرمین اور جامعہ حسینہ سورت کے استاذ حدیث مفتی عقیل احمد فاسمی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ کشن گنج میں تعلیم وروزگارکے ساتھ صحت کے میدان نمایاں کام کریں گے ۔انہوں نے آج یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اگر مجھے کانگریس ٹکٹ دیتی ہے تو ان کی ترجیح علاقے کی تعلیمی اور صحت کی صورت حال کو بہتر کرنا ہوگی کیوں کہ علاقے کی تعلیم اور صحت کی صورت حال ناگفتہ بہ ہے اور ا س میدان میں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانامحمد اسرار الحق قاسمی نے اپنی بساط بھر کام کیا ہے لیکن وہاں کے مسائل اتنے زیادہ ہیں کہ وہاں ہمہ جہت طریقے سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں الیکشن اس لئے لڑ نا چاہتا ہوں کہ تاکہ علاقے کی صورت حال کو بہتر کرسکوں اور سیاسی و سماجی میدان میں نوجوانوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے اپنی زندگی وقف کرسکوں ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے تعلیم کی طرف توجہ دیتے ہوئے کشن گنج کے لودھنا میں انگلش میڈیم اسکول کے ساتھ دینی تعلیم کے لئے ایک مدرسہ قاسم العلوم قائم کیا ہے تاکہ جہاں کشن گنج کے بچے دینی تعلیم حاصل کرسکیں وہیں عصری تعلیم بھی بہرہ ور ہوسکیں۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اے ایم یو سنٹر جسے لاوارث حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے وہ اس کو ترجیحی طور پردیکھیں گے ۔