کلثوم پورہ کی عمارت میں آتشزدگی، لڑکی کے بشمول 2 جھلس کر ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) کلثوم پورہ علاقہ میں پیش آئے مہیب آتشزدگی کے واقعہ میں دو افراد بشمول ایک لڑکی ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔ پرانا پل کے قریب وینکٹیشورا نگر ضیاء گوڑہ کی ایک چار منزلہ عمارت میں رات دیر گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کی چاروں منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گراؤنڈ فلور سے بڑھتی آگ نے پہلی منزل کو اپنے لپیٹ میں لیتے ہوئے چار منزلوں تک پھیل گئی۔ اس حادثہ میں 40 سالہ جی سرینواس اور 10 سالہ لڑکی شیوا پریہ ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر کئی زخمی بتائے گئے ہیں۔ اطلاع کے ساتھ ہی چار فائر انجن گاڑیاں مقام حادثہ پہنچیں اور پولیس کی مدد سے آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ راحت کاری اقدامات کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ چار منزلہ عمارت سے جو آگ کی لپیٹ میں آگئی تھی 7 خاندانوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 40 افراد کو بچالیا گیا۔ آگ لگنے کی اطلاع مقامی عوام کی جانب سے دی گئی۔ جنہوں نے خوفناک چیخ و پکار کی آوازیں سن کر اپنے مکانات سے باہر نکلے اور مقامی عوام نے پولیس اور فائر بریگیڈ عملہ کے پہنچنے سے قبل کئی افراد کو عمارت سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی تھی اور جیسے ہی پولیس پہنچی راحت کاری کے اقدامات میں شدت پیدا کی گئی اور درجنوں افراد کو آگ کی لپیٹ سے بچا لیا گیا۔ مہلوکین کی شناخت باپ بیٹی کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس عمارت کے گرانڈ فلور پر فرنیچر کا گودام ہے اور اس کے علاوہ صوفہ اور فرنیچر کی تیاری میں استعمال ہونے والے فوم کا گودام بھی تھا جس کے سبب آگ تیزی سے پھیل گئی اور وہ دیکھتے ہی دیکھتے بے قابو ہوگئی۔ چار فائر انجنوں کی طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔ تاہم اب بھی ضیاء گوڑہ کی عوام میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کلثوم پورہ محمد منور نے بتایا کہ اس حادثہ میں دو اموات واقع ہوئی ہیں اور دیگر دو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے راحت کاری کے اقدامات کو انجام دیا اور اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع