ورون دھون اور عالیہ بھٹ کی فلم ’’کلنک‘‘ کی اسٹار کاسٹ کے پہلے لک جاری کردیئے گئے ہیں۔ ورون دھون عالیہ بھٹ، آدتیہ رائے کپور، سنجے دت اور مادھوری ڈکشٹ کا پہلا لک ریلیز کردیا گیا ہے۔ فلم کا پروڈکشن کرن جوہر اور ساجد نڈیاڈ والا مل کر کررہے ہیں۔ کرن اِسے اپنے کیریئر کی اہم فلم مان رہے ہیں، کلنک کاٹیزر 12 مارچ کو ریلیز کیا گیا تازہ رپورٹس کی مانیں تو فلم کی ریلیز ڈیٹ میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ ترن آدرش کے مطابق فلم پہلے 19 اپریل کو ریلیز ہونے جارہی تھی، لیکن اب فلم کی ریلیز ڈیٹ کو دو دن پہلے مقرر کیا گیا ہے۔ اب فلم 17 اپریل 2019 یعنی چہارشنبہ کے دن ریلیز ہوگی۔ ایک ذرائع کے مطابق فلم کو 17 اپریل کے دن اس لئے ریلیز کیا جارہا ہے کیونکہ اس دن مہاویر جینتی ہے اس کے بعد جمعہ یعنی 19 اپریل کو گڈ فرائی ڈے ہوگا۔ دو تعطیل کے ساتھ یہ ویک اینڈ ہوگا جس کا فائدہ فلم کو ہوگا۔ ورون دھون ظفر کا کردار نبھا رہے ہیں۔ ان کی شاندار انٹری ایک گیت پر بتائی جائے گی۔ ابھیشیک ورمن کے ڈائرکشن میں بنی اس فلم کے گیت کو امیتابھ بھٹاچاریہ نے لکھا ہے، جبکہ ریموڈیسوزا اس کے کوریوگرافر ہیں۔ گیت کو پریتم نے کمپوز کیا ہے۔