کلکٹریٹ مسجد کی بازیابی کیلئے مہم کے آغاز کا فیصلہ

   

نظام آباد میں کل جماعتی وقف مسلم پروٹیکشن کمیٹی کا اجلاس: حافظ محمد لئیق خان اور دیگر کا خطاب

نظام آباد :اللہ کے گھر کی باز یابی اور تعمیر خوش نصیبوں کے حصہ میں آتی ہے زمین پر اللہ تعالیٰ کے گھر کی تعمیر کرنے والوں کیلئے جنت میں گھر تعمیر کرنے کا اللہ تعالیٰ نے وعدہ کیا ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی بشارت دی ہے ۔ کل جماعتی وقف مسلم پروٹیکشن کمیٹی نظام آباد کے زیر اہتمام کنگ پیالیس فنکشن ہال میں صدر کمیٹی حافظ محمد لئیق خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کئی شرکاء نے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور باز یابی کلکٹریٹ مسجد کیلئے باقاعدہ طور پر مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا بہت جلد ضلع کلکٹر سی نارائن ریڈی سے ایک وفد کی شکل میں ملاقات کرتے ہوئے کلکٹریٹ کے احاطہ میں قدیم مسجد واقع ہونے اور اس مسجد کے دستاویزات گزٹ رپورٹ ضلع کلکٹر کے حوالے کرتے ہوئے قدیم کلکٹریٹ کی یہاں سے منتقلی کے بعد مسجد کی اراضی کو واپس کرنے کے مطالبہ سے واقف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ باز یابی کلکٹریٹ مسجد کے ضمن میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے مولانا خضر احمد خان ، مولانا کریم الدین کمال ، محمد واجد احمد ، وجہہ اللہ خان ، مولانا حیدر قاسمی ، مولانا غلام رسول ، عمران شہزاد ٹی آرایس ، محمد عرفان علی کانگریس کے علاوہ دیگر نے خطاب کرتے ہوئے سابق میں باز یابی کلکٹریٹ مسجد کے سلسلہ میں چلائی گئی مہم کے تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے از سر نو شروع کی جانے والی مہم کو ٹھوس انداز میں کامیابی تک پہنچانے کے سلسلہ میں مفید مشورے دئیے ۔صدر کل جماعتی وقف مسلم پروٹیکشن کمیٹی حافظ محمد لئیق خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باز یابی کلکٹریٹ مسجد کیلئے حالات بے حد ساز گار ہے25؍ اکتوبر کو نئے کلکٹریٹ کے چیف منسٹر کے ہاتھوں افتتاح کے بعد قدیم کلکٹریٹ کی عمارت کو منتقل کردیا جارہا ہے قدیم کلکٹریٹ میں واقع مسجد کو حاصل کرتے ہوئے تعمیر نو کی جاسکتی ہے ۔مشاورتی اجلاس میں محمد سلیم نمائندہ کارپوریٹر مجلس اتحاد المسلمین ، جنید احمد ایڈوکیٹ، معین یونس ،محمد ثناء اللہ خان، ایم اے باری کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔