کلکٹر سرسلہ کا دورہ ، تلنگانہ ماڈل اسکول کا معائنہ

   

تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ ، طلبہ کوتمام ترسہولت فراہمی کا تیقن

گمبھی راؤ پیٹ ۔ راجنہ سرسلہ ضلع کلکٹر انوراگ جینتی نے آج سرسلہ ڈیویژن کے منڈل کووند راؤ پیٹ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ ماڈل اسکول و کے جی پی وی اسکولز کا تفصیلی طور پر معائنہ کیا ۔ کلکٹر انوراگ جینتی نے اپنے اس دورے کے موقع پر اسکولز پرنسپل سے طلباء کی حاضری سے متعلق دریافت کیا اور کمرہ جماعتوں میں پہونچ کر طلباء سے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور طلباء کو ہدایت دی کہ وہ سخت محنت و جستجو کے ذریعہ تعلیم حاصل کریں ۔ حکومت سرکاری طور پر انہیں تمام تر سہولتیں فراہم کرے گی ۔ کلکٹر انوراگ جینتی نے ان اسکولز میں بیت الخلاء وغیرہ کا بھی معائنہ کیا اور بوسیدہ بیت الخلاؤں کے تعمیر کاموں کی انجام دہی کا ذمہ داروں کو مشورہ دیا ۔ اس موقع پر اسکولز پرنسپل سے انفراسٹکچر اور تعلیمی حالات کا جائزہ لیا ۔ کلکٹر نے اسکول کے چھوٹے کمرے میں کتب خانہ کو چلانے پر اعتراض کیا اور کہا کہ اس کتب خانہ کو فوراً بڑے ہال میں منتقل کریں تاکہ مطالعہ کی غرض سے آنیو الے اسکولی بچوں کو کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ کلکٹر نے اساتذہ کو بھی ہدایت دی کہ وہ فرض شناسی کے ساتھ کام کرتے ہوئے طلباء اچھی سی اچھی تعلیم فراہم کریں ۔ کلکٹر نے اپنے اس دورے کے موقع پر انٹرمیڈیٹ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے طلباء سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد دی ۔ اس وقت رادھاکرشنن اور ایم ای او بھی موجود تھے ۔