معیار تعلیم سے متاثر ہوکر اقدام: بی شفیع اللہ
حیدرآباد ۔ 12۔جون (سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکولوں کی بہتر کارکردگی اور ان کے بہتر نتائج کو دیکھتے ہوئے ضلع کلکٹر وقار آباد عائشہ مسرت خانم نے اپنی دختر کو اقامتی اسکول میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے ضلع کلکٹر وقار آباد کو اپنی دختر کیلئے اقامتی اسکول کا انتخاب کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ کلکٹر وقار آباد نے اپنی دختر تابش رائنا کے وقار آباد گرلز اسکول میں داخلہ پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ بی شفیع اللہ نے کہا کہ ضلع کلکٹر کا یہ فیصلہ سماج کیلئے ایک مثال اور اس سے ہر کسی کو حوصلہ ملے گا۔ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی طلبہ کی مجموعی ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ سوسائٹی کی جانب سے تمام اسکولوں میں بین الاقوامی معیار کی انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ یہ اسکولس طلبہ کیلئے اپنے مکانات سے دور مکان کی طرح ہے جہاں روایتی اقدار اور مکمل خاندان کا ماحول دن رات برقرار رکھا جاتا ہے۔ ماہر اور پروفیشنلس کی جانب سے طلبہ کی ٹریننگ اور ان کی نگہداشت کی جاتی ہے۔ ایسے وقت جبکہ عوام اپنے بچوں کو خانگی اسکولوں میں داخلہ دلانا باعث فخر تصور کرتے ہیں۔ کلکٹر وقار آباد عائشہ مسرت خانم نے دوسروں کیلئے مثال قائم کی ہے۔
