حیدرآباد ۔12۔ جون (سیاست نیوز) سدی پیٹ کے ضلع کلکٹر وینکٹ رام ریڈی کورونا کے خطرہ کے باعث اپنی قیامگاہ پر سیلف کورنٹائن ہوچکے ہیں۔ ضلع کلکٹریٹ کے عہدیداروں نے اس بات کی توثیق کی اور بتایا کہ گزشتہ دنوں کنڈہ پوچماں ساگر زیر آب گاوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں زیڈ پی ٹی سی ارکان کے ساتھ کلکٹر وینکٹ رام ریڈی سے ملاقات کی تھی ۔ زیڈ پی ٹی سی ارکان کے ساتھ آنے والے ایک شخص میں کورونا پازیٹیو پایا گیا اور اسے علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کیا گیا ۔ اطلاع ملنے پر کلکٹر نے خود کو سیلف کورنٹائن کرتے ہوئے تمام سرکاری کام گھر سے انجام دینے کا آغاز کیا ہے ۔ کلکٹر نے مختلف کاموں کیلئے آنے والے درخواست گزاروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے فون نمبر بھی درج کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ کلکٹر کی عمارت کو سینیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
