کل جماعتی اجلاس میں مودی کی غیر حاضری مایوس کن :کھرگے

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولتے ہوئے کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ پہلگام حملے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور فوج کی کارروائی کے بعد حکومت نے کل جماعتی میٹنگ بلائی، لیکن مودی نے آج بھی اس میں شرکت نہیں کی، جو کہ انتہائی مایوس کن صورتحال ہے ۔ کُل جماعتی میٹنگ کے بعد کھرگے نے کہا کہ حکومت نے پہلگام حملے کے سلسلے میں دوسری میٹنگ بلائی، لیکن مودی نہ تو پہلی میٹنگ میں آئے اور نہ ہی آج شرکت کی۔ بہتر ہوتا اگر مودی آتے کیونکہ سب چاہتے تھے کہ وزیر اعظم بھی اس کل جماعتی میٹنگ میں آئیں اور مختصراً اپنے خیالات کا اظہار کریں کہ ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف کس طرح کارروائی کی اور ملک کے فوجیوں نے کس طرح ہمت دکھائی۔ میٹنگ میں کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بھی اس معاملے پر پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کھرگے نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ مودی میٹنگ میں شرکت کریں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے بارے میں اپنے خیالات پیش کریں، لیکن وہ نہیں آئے ، وہ پچھلی میٹنگ میں بھی نہیں آئے ، یہ بہت افسوسناک صورتحال ہے ، لیکن سب مل کر کام کر رہے ہیں اور حکومت جو بھی قدم اٹھا رہی ہے اس کی متفقہ حمایت کر رہے ہیں۔