کل سورج گہن، ہندوستان میں دکھائی دے گا

,

   

حیدرآباد ، 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) جاریہ دہے کا ایسا پہلا گہن جو دکھائی دے گا اور جس کی زمرہ بندی ’’حلقہ دار سورج گہن‘‘ کے طور پر کی گئی ہے، وہ اتوار 21 جون کو واقع ہوگا۔ اسے عام طور پر ’آگ کا چھلا‘ بھی کہتے ہیں۔ پلانیٹری سوسائٹی، انڈیا کے آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ حلقہ دار سورج گہن شمالی ہندوستان کے چند مقامات سے ہی دیکھا جاسکے گا جبکہ بقیہ ملک اس فلکیاتی نظارہ کا جزوی طور پر مشاہدہ کرپائے گا۔ دنیا بھر میں یہ گہن مختلف مرحلوں میں صبح 9:16 بجے اور سہ پہر 3:04 بجے (ہندوستانی وقت) کے درمیان پیش آئے گا۔ گہن کا عروج دوپہر 12:10 بجے ہوگا۔ ہندوستان میں گہن کا مشاہدہ صبح 9:56 بجے اور دوپہر 2:29 کے درمیان ہوسکے گا۔ دنیا بھر میں یہ گہن افریقا (ماسوائے مغربی اور جنوبی حصے)، جنوب مشرقی یورپ، مشرق وسطی، ایشیا (ماسوائے شمالی اور مشرقی روس) ، انڈونیشیا و دیگر خطوں سے نظر آئے گا۔ اس گہن کی مرکزی راہ کانگو (افریقا) میں شروع ہوگی، جبکہ ہندوستان میں یہ سورت گڑھ (راجستھان)، سرسا اور کروکشیتر (ہریانہ) ، دہرہ دون، چمولی اور جوشی مٹھ (اترکھنڈ) سے گزرے گا۔ بعدازاں چین، تائیوان کی آگے بڑھتے ہوئے یہ حلقہ دار سورج گہن بحرالکاہل میں اختتام پذیر ہوگا۔