کل ہند صنعتی نمائش کا عوام کی بڑی تعداد نے مشاہدہ کیا

   

حیدرآباد 20جنوری(یواین آئی) حیدرآباد کی مشہور اور قدیم کل ہند صنعتی نمائش کا اب تک عوام کی بڑی تعداد نے مشاہدہ کیا۔ صنعتی نمائش کا آغاز یکم جنوری سے ہوا جس میں کشمیر سے کنیاکماری تک کے تاجر اپنے اسٹالس لگاتے ہیں۔ توقع کی جارہی ہے کہ جاریہ سال نمائش کے اختتام تک تقریبا20لاکھ افراد اس کا مشاہدہ کریں گے ۔ نمائش میں عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ نمائش میں اسٹالس سے ہونے والی آمدنی 18تعلیمی اداروں پر خرچ کی جاتی ہے جو نمائش سوسائٹی کی جانب سے چلائے جاتے ہیں۔ نمائش میں 200 سے زائد ملازمین پولیس کو تعینات کیاگیا ہے ۔خواتین اور لڑکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے شی ٹیمس کو بھی تعینات کیاگیا ہے ۔ امکانی بھگدڑ کو ٹالنے کیلئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ نمائش میں اس بار تقریباً دو ہزار سٹالس لگائے گئے ہیں۔ نمائش میں مختلف ریاستوں کی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاء، کھلونے وغیرہ فروخت کئے جاتے ہیں۔تعطیلات کے ایام میں نمائش میں عوام کا ہجوم زیادہ دیکھا جا رہا ہے ۔