حیدرآباد ۔ 26۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) نمائش میدان پر 85 ویں کل ہند صنعتی نمائش کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ نمائش سوسائٹی نے یکم جنوری کو نمائش کی افتتاحی تقریب کو قطعیت دی ہے۔ سوسائٹی اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ یکم جنوری سے ہی نمائش مکمل طور پر شروع ہوجائے اور تمام اہم اسٹالس کی تعمیر کا کام مکمل کرلیا جائے ۔ یکم جنوری سے نمائش 46 دن تک جاری رہے گی۔ گزشتہ 8 دہوں سے نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں تلنگانہ کے علاوہ ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے تاجرین اپنے اسٹال قائم کرتے ہیں۔ 15 فروری تک جاری رہنے والے اس نمائش میں کشمیری اسٹالس ہمیشہ عوام کی توجہ کا مرکز رہے ہیں ۔ نمائش سوسائٹی کو ملک بھر سے اسٹالس کے لئے 3500 درخواستیں موصول ہوئیں اور سوسائٹی نے 2500 اسٹالس الاٹ کئے ہیں۔ کمرشیل اور انڈسٹریل پراڈکٹس کے علاوہ ہینڈلومس ، آرٹس اینڈ کرافٹس اور غذائی اسٹال علحدہ مقامات پر الاٹ کئے گئے ۔ نمائش میں مختلف تہذیبی اور اسپورٹس کی سرگرمیوں کو بھی برقرار رکھا گیا ہے ۔ سوسائٹی کو امید ہے کہ جاریہ سال 25 لاکھ افراد نمائش کا مشاہدہ کریں گے کیونکہ گزشتہ سال یہ تعداد 23 لاکھ تھی ۔ روزانہ ایک اندازہ کے مطابق 47 ہزار افراد نمائش کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ سوسائٹی نے آتشزدگی کے واقعات کی روک تھام کیلئے احتیاطی قدم اٹھائے ہیں۔ فائر سروسیز کے تعاون سے آتش فرو آلات نصب کئے جارہے ہیں اور مستقل طور پر فائر انجن دستیاب رہیں گے۔1
تلنگانہ میں 10 تا 18 جنوری تعلیمی اداروں کو سنکرانتی تعطیلات
حیدرآباد ۔ 26۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے تعلیمی اداروں کو سنکرانتی کی تعطیلات کا تعین کیا ہے ۔ 10 تا 18 جنوری سنکرانتی کی تعطیلات رہیں گی۔ سابق میں اسکولوں کو 6 دن کی سنکرانتی تعطیلات دی گئی تھیں تاہم جاریہ تعلیمی سال 10 جنوری کو دوسرا ہفتہ اور 11 جنوری کو اتوار کے سبب 18 جنوری تک تعطیلات کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ 19 جنوری کو تعلیمی ادارے دوبارہ کھل جائیں گے۔ جنوری میں تعلیمی اداروں کو کئی تعطیلات ہیں۔ یکم جنوری کو سال نو کی تعطیل رہے گی جبکہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ تعطیل ہوگی۔ اس کے علاوہ 4 اتوار بھی جنوری میں ہیں۔ آندھرپردیش حکومت نے بھی سنکرانتی کی 9 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔1
