31جنوری کے بعد صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جائیگا ۔ صدر نمائش سوسائیٹی کا بیان
حیدرآباد۔ ریاستی وزیر صحت و صدر نمائش سوسائیٹی ایٹالہ راجندر نے آج کہا کہ کل ہند صنعتی نمائس کو 31 جنوری تک موخر کردیا گیا ہے ۔ 31 جنوری کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائیگا اور یہ فیصلہ کیا جائیگا کہ نمائس کا کب اور کس طر ح انعقاد عمل میں لایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کورونا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حیدرآباد کی مقبول عام ’ نمائش ‘ کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے اور اسے 31 جنوری تک موخر کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 31 جنوری کے بعد یہ فیصلہ کیا جائیگا کہ نمائش کا انعقاد کب عمل میں آئے گا ۔ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ حالانکہ شادیاں اور دیگر تقاریب کی محدود افراد کے ساتھ اجازت دی گئی ہے لیکن نمائش میں عوام کی کثیر تعداد آتی ہے اور ایسے میں31 جنوری تک مرکزی وزارت داخلہ کے رہنما خطوط کی پابندی کرنی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نمائش میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ آتے ہیں اس لئے مرکزی حکومت کی ہدایات پر عمل آوری ضروری ہے ۔ ہر سال نمائش کا یکم جنوری سے آغاز ہوتا ہے اور 15 فبروری کو اختتام عمل میں آتا ہے ۔ چھوٹے تاجروں اور خواتین کو روزگار فراہم کرنے کے علاوہ سرکاری آمدنی میں بھی جی ایس ٹی کے ذریعہ اضافہ ہوتا ہے ۔ یومیہ ہزاروں افراد نمائش کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ کورونا وائرس کی نئی شکل کے تعلق سے وزیر صحت نے کہا کہ ریاست میں اس طرح کا کوئی کیس نہیں ہے ۔ صرف ایک شخص برطانیہ سے واپس آنے کے بعد اس وائرس کا شکار پایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس متاثرہ شخص کا بھی علاج ہو رہا ہے اور وہ روبصحت ہے جسے جلد ہی ڈسچارج بھی کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم سرما میں وبائی امراض پھیل سکتے ہیں اس لئے کورونا وائرس کے رہنما خطوط کی پابندی کرنے کی ضرورت ہے ۔
